لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان سپر لیگ 6 کے لئے بنائے گئے بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر پشاور زلمی کے دو کھلاڑیوں حیدر علی اور عمید آصف کو معطل کر دیا گیا۔ دونوں کھلاڑی پی ایس ایل کا فائنل نہیں کھیل سکے ۔ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف ببل کے باہر موجود افراد سے ملاقات کی بلکہ وہ ان افراد سے مقررہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے ۔خلاف ورزی کرنے پر حیدر علی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر ہوگئے ان کی جگہ پر صہیب مقصود کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔دوسری طرف دورہ انگلینڈ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم سکواڈ آج جمعہ کے روز روانہ ہو گا۔ قبل ازیں پاکستان میں موجود سکواڈ ارکان نے براستہ ابوظہبی روانہ ہونا تھا تاہم پی سی بی ترجمان کے مطابق اب قومی سکواڈ کے ٹریول پلان میں تبدیلی کر دی گئی ہے ۔ کھلاڑیوں کے ابو ظہبی سے لاہور پہنچنے کے بعد اب قومی کرکٹ ٹیم چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور سے برمنگھم پہنچے گی۔قومی سکواڈ برمنگھم سے ڈربی پہنچنے پر تین روز کی روم آئسولیشن کرے گا۔قومی کرکٹ ٹیم 28 جون سے ڈربی میں پریکٹس سیشنز کا آغاز کردے گی۔اس دوران قومی سکواڈ ڈربی میں پچاس اوورز پر مشتمل دو انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز بھی کھیلے گا۔پہلا انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ یکم جولائی اور دوسرا 3 جولائی کو کھیلا جائے گا ۔قومی اسکواڈ 6 جولائی کو کارڈف روانہ ہوگا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ون ڈے میچ 8 جولائی کو کھیلا جائے گا۔