نیو یارک/اسلام آباد/ماسکو/منسک (صباح نیوز، خصوصی نیوز رپورٹر،شاہد گھمن سے )یوم پاکستان کے موقع پر اقوام متحدہ ،ترکی روس اور بیلا روس میں پاکستانی سفارتخانوں میں یوم پاکستان جوش و جذبے سے منایا گیا ،اس حوالے سے تقریبات میں پاکستانی اہلکار ،سفارتکار اور ہم وطنوں نے شرکت کی،صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ، نیویارک میں پاکستانی مشن برائے اقوام متحدہ میں قومی پرچم کشائی کی تقریب ہوئی،اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں امن وسلامتی اور بین الاقوامی تعاون کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔آج تجدید عہد کا دن ہے کہ سب مل کر قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے ۔ ہمیں یکجا ہوکر اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کوشش کر نا ہوگی۔ادھر پاکستان ہاؤس انقرہ میں پاکستانی سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے قومی ترانہ کے دوران سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا،تقریب میں پاکستانی کمیونٹی ،ترک یونیورسٹیز،سفارتخانہ کے حکام اوردیگر افرادنے شرکت کی ،طالبعلموں نے قومی ترانہ پیش کیا، یوم پاکستان کیک کاٹا گیا ،سائرس سجاد نے کہا کہ پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی قوت ہے جو اپنے استحکام کی طرف گامزن ہے ، ماسکو سفارتخانے میں سفیر قاضی خلیل اﷲ نے قومی ترانہ کی گونج میں پاکستانی پرچم سربلند کیا ،بعد ازاں کہا کہ اس عظیم دن کی وجہ سے پاکستان ہمیں تحفے میں ملا ہے اور ہم اس عظیم ملک کے شہری ہونے کی وجہ سے فخر محسوس کرتے ہیں ، نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی،بیلاروس کے شہر منسک میں بھی سفیر پاکستان لیناسلیم معظم نے قومی ترانہ کی دھن پر پرچم کشائی کی اور یوم پاکستان کا کیک کاٹا اور کہا کہ پاکستان ایک پر امن اور امن پسند ملک ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے ۔