لاہور(سٹاف پورٹر، این این آئی)پاکستان کے دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کے 22برس مکمل ہونے پر ملک بھر میں آج ’’یوم تکبیر ‘‘ملی جوش و جذبے سے منایاجائے گا ۔ اس دن کی مناسبت سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے علامتی طور پر مرکزی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں کارکنوں کو ستائیس سے انتیس مئی تک گھروں میں رہ کر حفاظتی ایس او پیز کے ساتھ کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے یوم تکبیرپر ارکان پارلیمان، پارٹی کارکنان اور نوجوانوں کے نام پیغام میں کہا ہے پاکستان ناقابلِ تسخیر،سلام نواز شریف،28 مئی 1998 وہ تاریخی دن ہے جب پاکستان نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کا جواب 6 ایٹمی دھماکے کرکے دیاتھااور دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بن گیا، الحمداﷲ۔پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے جوہری عمل کا آغاز ذوالفقارعلی بھٹو نے شروع کیاتھا جبکہ اس صلاحیت کے عملی اظہار کا دلیرانہ فیصلہ قائد نوازشریف نے عالمی دباؤ کو رد کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم جناب بھٹو سے لے کر وزیراعظم محمد نوازشریف تک اس اس پروگرام کو خون جگر دینے والے تمام اکابرین قوم، ماہرین، سائندان، قابل قدر شخصیات اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں،یوم تکبیر دراصل ہماری آنے والی نسلوں کی آزادی، خودمختاری اور مستقبل محفوظ بنانے کا ایک بڑا اہم دن ہے ۔ کورونا کی مہلک وبا کے پیش نظر اپنے گھروں میں رہتے ہوئے یوم تکبیر منائیں اورپاکستان کی سلامتی، تحفظ، خوشحالی وترقی اور وباوں سے نجات کی خصوصی دعائیں کریں۔