پشاور(92نیوز)نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے ۔ جس کی قدر و قیمت کا صحیح ادراک وہی لوگ کر سکتے ہیں جو غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔یوم آزادی ہمارے لئے خود احتسابی کا دن ہے ۔ ہمیں دیکھنا ہے کہ گزشتہ 71 سال میں اس ملک کو ہم نے کیا دیا ۔ ہم نے کس حد تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اگر ریاست اور عوام دونوں اپنی اپنی ذمہ داریوں کا حقیقت پسندانہ تعین کریں تو بلا شبہ ہم ایک عظیم قوم بن کر دُنیا بھر میں سرخر و ہو سکتے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ پشاورکے سبزہ زار میں 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہاکہ آزادی کو برقرار رکھنا ایک بہت بڑا چیلنج ہو تا ہے جس کے لئے من حیث القوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیئے ۔