لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) امامؑ عالی مقام صبر واستقامت اور تسلیم ورضا کا روشن باب اورجرات وشجاعت کا مینارۂ نورہیں۔آپ ؓ کی لازوال قربانیوں سے حق وصداقت کو سربلندی اور دین کو استحکام میسر آیا۔ یوم عاشورحق کی فتح اور ظلم وجبرکی شکست کا دن ہے ۔ ان خیالات کااظہار ڈاکٹر طاہررضا بخاری ڈائریکٹرجنرل اوقاف پنجاب نے جامع مسجد حضرت داتا گنج بخش ؒ میں منعقدہ سالانہ سیّدناامام حسین ؑکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی جی مذہبی امور نے کہا امام عالی مقام کا سیرت وکردار انسانیت کے لیے تابندگی اور روشنی کا سرچشمہ ہے ۔حضرت امام حسین ؑ نے باطل کے خلاف مزاحمت اور جد و جہد کا یہ سفر کسی دنیاوی غرض، جاہ و منصب کے حصول یا خون ریزی کے مقصد سے نہیں کیا تھا۔ حضرت امام حسینؑ نے کوفہ روانگی سے پہلے ہی صاف لفظوں میں یہ واضح کردیا تھا کہ میرا یہ سفر صرف نانا محترم کے دین کے آفاقی پیغام کو عام کرنے اور بھٹکی ہوئے ہواؤں کو پھر سے سوئے حرم لے چلنے کے لئے ہے ۔ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی زندگی کے روز و شب ایسے پاکیزہ اور صالح اسلامی ماحول میں گزرے تھے ۔خطیب داتاؒ دربار مفتی محمدرمضان سیا لوی نے کہا واقعہ کربلا اور امام حسین ؓ کا اسوۂ ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔