لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) یوم عاشور کے موقع پر پھول فروشوں اور گورکنوں نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ تفصیلات کے مطابق یوم عاشور پر لاہوریوں نے اپنے بچھڑے ہوئے پیاروں کی قبروں پر پھول ڈالنے اورفاتحہ خوانی کیلئے قبرستانوں کا رخ کیا۔ تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کو زندہ دلان لاہور کی اکثریت قبرستان میانی صاحب، سمیت دیگر مقامات پر مدفون اپنے پیاروں کی قبروں کی لپائی کرنے میں مصروف دکھائی دئیے ۔ شہریوں نے اپنے پیاروں کی آخری آرام گاہوں پر پھول نچھاور کرنے کے بعد مرحومین کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی بھی کی ۔دوسری جانب عوام کا رش دیکھ کر پھول فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ گورکن بھی کہاں پیچھے رہنے والے ہیں انہوں نے بھی قبروں کی لپائی اور پانی ڈالنے کے منہ مانگے دام وصول کیے ۔گورکنوں کا موقف تھا کہ سال میں ایک بار محرم الحرام کے موقع پر لوگ بڑی تعداد میں اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دینے کیلئے آتے ہیں اس لئے ہم عام دنوں کی نسبت کچھ زیادہ پیسے وصول کرلیتے ہیں۔جبکہ اسی طرح پھول فروشوں نے بھی منہ مانگے داموں سے پھول فروخت کئے ۔ یوم عاشور کے موقع پر پھولز فروشوں اور گورکنوں کا کاروبار عروج پر دکھا ئی دیا۔