لاہور(سٹاف رپورٹر)یو تھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام کشمیریوں پر مظالم اور کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ کے 73سال مکمل ہونے پر یو م سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں پنجاب اسمبلی تا لاہور پر یس کلب کشمیر ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کی۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ طارق غوری نے کہا کہ تاریخ میں 27اکتوبر1947کا دن کشمیریوں کیلئے یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔کیو نکہ یہی وہ دن ہے جب بھارت نے فوجی طاقت کے بل بوتے پر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ۔ طارق غوری نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے جو قراردادیں منظور کیں وہ ردی کی ٹوکری کی نظر کر دی گئی ہیں۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی قراردادوں پر عملدرآمد کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری جدوجہد آزادی میں اکیلے نہیں پاکستان کا بچہ بچہ انکے ساتھ کھڑاہے ۔