لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پنجاب حکومت کی ہدایات کے بعد ضلعی انتظامیہ لاہور نے یوم کشمیر کے موقع پر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ ڈی سی دانش افضال نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور مختلف پروگرامز کا انعقاد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیریوں پرظلم و ستم، غاصبانہ قبضہ اور اقوام متحدہ کی قرارداوں پر عمل درآمد کو اُجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ05 فروری کے دن کو منانے کا مقصد کشمیریوں بھائیوں سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرنا ہے ،تمام محکمے کشمیری پرچم اور فلیکسز کو آویزاں کریں۔25 جنوری سے لیکر 5 فروری تک تمام سکولوں اور کالجوں میں پروگرامز اور کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کے اظہار کے لئے ریلیوں کا اہتمام کیا جائے اور سکولوں اور کالجوں میں تقاریر، ٹیبلو زوغیرہ کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ فنکشنز میں عوامی نمائندے ، انجمن تاجران اور دیگر کمیونٹی کی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔