اسلام آباد،نیویارک (خصوصی نیوز رپورٹر،این این آئی)دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا دن منایا گیا،یہ عالمی ادارے کی74ویں سالگرہ ہے ۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ناانصافی اور ظلم و جبر کیخلاف امید کی کرن ہے ، مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی جاری ، سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے ،جموں و کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود پرانے مسائل میں سے ایک ہے ، کشمیر ی عوام عالمی برادری کی طرف سے کئے گئے حق خودارادیت کے آزادانہ استعمال کے وعدے کے پورا ہونے کے آج بھی منتظر ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی ادارہ ہر طرح کی منافرت کے خاتمہ اور لوگوں کے حقیقی مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے ۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہاکہ اپنے قیام سے لیکرابتک اقوام متحدہ نے عالمی امن وسلامتی، انسانی حقوق و انسانی عظمت کے فروغ کیلئے ہراول دستے کاکردار ادا کیا، اقوام متحدہ بھارتی افواج کا جبر ختم کرانے کیلئے اقدامات کرے ، کشمیریوں کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ ماحول میں استصواب رائے کاحق ملنا چاہیے ۔دریں اثناوزارت خارجہ میں اقوام متحدہ کے 74ویں عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیاگیااورکیک کاٹاگیا۔تقریب میں غیرملکی سفارتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔یو این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ ہے ۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل عمل پیرا ہوکرکردار اداکیا، اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خورداریت دلائے ۔سپیکر اسد قیصر نے پیغام میں کہا کشمیری اور پاکستانی عوام مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔