اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)یونان کے تجارتی وفد نے پاکستان کے دورے کے دوران پاک ورلڈ ٹریڈ اینڈ ایکسپو کے سی ای او خورشید برلاس سے ملاقات کی ، اس موقع پر پاکستان اور یونان کے مابین تجارتی حجم اور مستقبل میں صنعت و تجارت کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔ وفدمیں پاکستان یونان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کی روبینہ مارکو پولو،سامی آمپو،یونان چیمبر کے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے صدر پوولس ریوینس،شامل تھے ۔ خورشید برلاس نے وفد کے اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور یونان گہرے برادرانہ اور دوستانہ رشتوں میں بندھے اور دونوں ملکوں میں تجارتی تعاون کو فروغ دے کر کاروبار کو ترقی کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر یونان چیمبر کے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں میں تجارتی شعبے میں آگے بڑھنے کے لئے مختلف مصنوعات کی نمائشیں منعقد کی جاسکتی ہیں۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ وہ اسے سے قبل بھی پاکستانی مصنوعا ت یونان برآمد کر رہے ہیں اور موجودہ دورے کا مقصد بھی پاکستانی مصنوعات کی یونان کی مارکیٹ تک رسائی کے مواقع سے مقامی تاجروں کو آگا ہ کرنا ہے ۔