لاہور،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،سپیشل رپورٹر، وقائع نگار خصوصی،92نیوز رپورٹ)وفاقی بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح پر اکھاڑ بچھاڑ کرتے ہوئے سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ کو ہٹا کر نوید کامران بلوچ کو نیا سیکرٹری خزانہ تعینات کر دیا گیا جبکہ معروف افضل کو سیکرٹری کابینہ لگایاگیا ہے ۔جمعرات کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق حکومت نے گریڈ 22 کے سیکرٹری آئی ٹی معروف افضل کو سیکرٹری کابینہ ڈویژن تعینات کردیا گیا۔حکومت نے سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ کوعہدے سے ہٹا تے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ حکومت نے سیکرٹری کابینہ نوید کامران بلوچ کو سیکرٹری خزانہ تعینات کر دیا ۔ ادھر ذرائع نے کہا ہے کہ سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے درمیان کچھ دنوں سے اختلافات تھے جس کے باعث سیکرٹری خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے آخری دورمیں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت خزانہ کے معاملات میں یونس ڈھاگہ سے کوئی مشاورت نہیں کی جارہی تھی جب کہ بجٹ کی تیاری کے حوالے سے بھی مشیر خزانہ کا دفتر یونس ڈھاگہ سے کوئی رہنمائی حاصل نہیں کررہا تھا۔دوسری طرف پنجاب حکومت نے اے ڈی سی آر میانوالی غلام مصطفیٰ کو اوایس ڈی ، واحد ارجمند ضیا کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میانوالی ،ضیغم نواز کواوایس ڈی اور ان کی جگہ رضوان قدیر کوایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی ،واصف رحمان کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بہاولپور،ڈائریکٹر ایل ڈی اے عثمان غنی کی خدمات انٹی کرپشن کے سپرد کر دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں آئی جی نے جاوید اشرف کو ایس ڈی پی او کہروڑ پکالودھراں اورنذیر احمد کو ایس ڈی پی او دہلی گیٹ ملتان تعینات کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔