فیصل آباد،لاہور (وقائع نگارخصوصی،جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف فیصل آباد اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تھے ۔ مذکورہ یادداشت کے تحت دونوں ادارے باہمی تعلیمی روابط کے فروغ اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں بھر پور تعاون یقینی بنائیں گے ۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ہیلتھ سائنسز کیمپس میں ہ تقریب میں یونیورسٹی آف فیصل آباد کی جانب سے پروریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔اس موقع پر مدینہ گروپ کے پیٹرن ان چیف میا ں محمد حنیف ، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے بورڈ آف گورنرز کے چیئر مین محمد حیدر امین اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے رجسٹرار ڈاکٹر اسد ظہیر اور دیگر اہم حکام بھی موجود تھے ۔ ایم او یو پر دستخط ، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں کانوووکیشن اورکینال روڈپرکشمیرپل انڈرپاس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ ڈگری کے حصول کے بعد انسانیت کی خدمت کے لئے ڈاکٹروں کو کہیں زیادہ چیلنجز میں سرخرو ہونا ہے ۔شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی بہت بڑا چیلنج ہے ،آئندہ چار سالوں کے دوران پنجاب کے ہر حصے میں لوگوں کو پینے کا صا ف پانی مہیاکریں گے ۔حکومت کی طرف سے تعمیروترقی کا وسیع پروگرام شروع کیا جارہا ہے اس سلسلے میں فیصل آباد میں شہری ترقی کے انفراسٹرکچر کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی ۔انہوں نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں 2014سے 2017تک ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے 1200فارغ التحصیل طلباء وطالبات میں ڈگریاں اور پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز تقسیم کئے گئے ۔ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد،نواب شیر وسیر،میاں وارث عزیز،شکیل شاہد،عادل پرویز گجر کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم،وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی ،پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حناعائشہ،ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی،آر پی او غلام محمود ڈوگر،سی پی او اشفاق احمدخان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزقیصر عباس رند،اسٹنٹ کمشنر سٹی شمائلہ منظور، پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین،پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ انور،فیکلٹی ممبرز،سٹوڈنٹس اور ان کے والدین اس موقع پر موجود تھے ۔پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چودھری نے گورنر پنجاب کی آمد کا شکریہ ادا کیااوربعض مطالبات پیش کئے ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میڈیکل کالج نے 1983میں آغاز سے اب تک 10ہزار سے زائد گریجوایٹس تیار کئے ہیں۔انہوں نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے 15سالہ پلان کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور پی ایم ڈی سی سے منظوری کے بعد فیصل آباد،سرگودھا،ساہیوال ڈویژن کے میڈیکل تعلیمی اداروں کے الحاق کی تجویز پیش کی اور کہا کہ آئندہ مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی اور ایم فل و الائیڈ میڈیکل کورسز شروع کرنے کا بھی پروگرام ہے ۔کانووکیشن کے دوران پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈگری حاصل کرنے والے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سے انسانیت کی بلاتفریق خدمات انجام دینے کا حلف لیا۔ کشمیر پل انڈر پاس کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں گورنرپنجاب نے کہا کہ شہر کی ترقیاتی ضروریات کے پیش نظر اس نوعیت کے دیگر منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے گورنر نے کھرڑیانوالہ میں ایک ٹیکسٹائل ملزمیں سپننگ یونٹ کا افتتاح کیا اور کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے صنعتکاروں کو درپیش بعض مسائل حل کرانے کا یقین دلایا۔گورنر پنجاب گلاسکو(لندن)میں مقیم پاکستانی چوہدری محمداشرف کی مقامی رہائش شیر سنگھ والا میں گئے اور اہلخانہ سے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب نے انکشاف کیا کہ سرور فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک لاکھ شہریوں کی صحت کی سکریننگ کے نتائج کے مطابق ہیپاٹائٹس کی بیماری خطرناک حد تک سامنے آئی ہے ۔