دانش احمد انصاری

گزشتہ چند برسوں میں ٹیکنالوجی کی وجہ سے دنیا جس تیزی سے تبدیلی ہوئی ہے، اُس کے نتیجے میں ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارمز کی تعداد میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آج ہر دوسرے شخص کے پاس اپنا ذاتی پورٹیبل کمپیوٹر ’سمارٹ فونز‘ کی صورت میں موجود ہے۔ جس میں نہ صرف 5 جی انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی سہولت دستیاب ہے، بلکہ جدید ترین سافٹ ویئر اور ویڈیو گیمز سے بھی لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔ سمارٹ فونز کے سستے ماڈلز اور جدید فیچر کی وجہ سے صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اِن کی خریداری میں پیسہ صرف کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بین الاقوامی معیشت میں موبائل فون صنعت کا حصہ 4.8فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔یہ تو بات تھی سمارٹ فونز کی مقبولیت کی۔ سمارٹ فون اور انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے متعدد ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارمز بھی سامنے آئے ہیں، جن میں یوٹیوب اور نیٹ فلکس سرفہرست ہیں۔حال ہی میں ہونے والے ایک سروے کے مطابق ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارمز کا استعمال کرنے والے 37 فیصد نوجوان یوٹیوب استعمال کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب نیٹ فلکس کے نوجوان صارفین 35 فیصد ہیں۔ 

نیٹ فلکس پر موجود شاندار فیچر اور دستاویزی فلموں، ڈراموں اور سیزنز کے باوجود آخر نوجوان یوٹیوب کو کیوں ترجیح دے رہے ہیں، اِس کے پیچھے متعدد وجوہات کارفرما ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ نوجوان، بالغ افراد کی بانسبت یوٹیوب کے مواد کو مختلف طرح سے دیکھتے ہیں۔ یہ لوگ یوٹیوب پر موجود لاتعداد کیٹگریز اور مختلف قسم کے ویڈیو مواد کو پسند کرتے ہیں۔ اِسی طرح نیٹ فلکس کی بانسبت یوٹیوب پر موجود ویڈیوز بہت مختصر ہوتی ہیں۔ ایک ہی چیز پر کئی گھنٹوں تک توجہ مرکوز کرے رکھنا نوجوانوں کے لیے ایک تکلیف دہ عمل ہوتا ہے، اِس وجہ سے وہ یوٹیوب کو ترجیح دیتے ہیں۔ نیٹ فلکس کے نوجوان صارفین کی تعداد میں کمی کی ایک اور وجہ ’کریڈٹ‘ یعنی پیسے قرار دیے جاتے ہیں، یوٹیوب اپنی خدمات مفت میں مہیا کرتا ہے، جبکہ نیٹ فلکس کی سہولت سے مستفید ہونے کے لیے صارفین کو مخصوص رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔ یعنی بالغ افراد جو برسرِ روزگار ہوتے ہیں، اُن کے لیے نیٹ فلکس کی فیس ادا کرنا آسان ہوتا ہے، جبکہ نوجوان اِس چیز سے دور بھاگتے ہیں۔ ایک وجہ یہ بھی بتائی جاتی ہے کہ یوٹیوب کو استعمال کرنے کے لیے کسی قسم کا اکاؤنٹ بنانے یا کسی اور پراسیس کو پورا کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی اور بچے سے لے کر بوڑھے افراد تک اپنی ڈیوائس پر صرف ایک کلک کر کے یوٹیوب پر موجود مواد دیکھ سکتے ہیں، جبکہ نیٹ فلکس پر باقاعدہ اکاؤنٹ بنانا پڑتا ہے۔