لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں پہلے ٹیسٹ کے آغاز سے قبل کوویڈ19 کی وباء سے متاثرہ افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ پاکستان میں اب تک دو لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کی وباء سے متاثر اور چھ ہزار سے زائدجاں بحق ہوچکے ہیں۔برطانیہ میں کورونا کا شکار کل تین لاکھ پانچ ہزار افراد میں سے اب تک چھیالیس ہزار افراد اپنی جانیں گنواچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک کورونا کے 1کروڑ 80 لاکھ متاثرین میں سے کل چھ لاکھ اکانوے ہزارسے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لئے یہ بہت جذباتی لمحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ کا دوبارہ آغاز کررہے ہیں تو وہیں ہم اس وباء سے متاثرہ افرادکے ساتھ کھڑے ہورہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام متاثرین کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کی حمایت کرتی رہے گی۔وسیم خان نے کہا کہ اس ایک منٹ کی خاموشی کے ذریعے ہم وباء سے لڑنے والے ان صفِ ا ول کے سپاہیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو بطور طبی عملہ بے لوث محنت سے کام کر تے ہوئے دوسروں کو بچانے کی کوششوں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بلاشبہ پیرا میڈیکل اسٹاف اس وباء کیدوران ہمارے حقیقی ہیروز ہیں، جن کی محنت اور لگن کے بغیر نقصان کا تخمینہ کہیں زیادہ ہوتا۔