لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن نے اپنی کارکردگی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھیجی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اعلیٰ سطح کے تعلیمی اداروں میں مذہبی اقلیتوں کیلئے دو فیصد کوٹہ مختص کیا گیا، ہر سال مذہبی اقلیتی طالبعلموں کو تعلیمی سکالرشپ دی جارہی ہیں۔سکالرشپ کی گرانٹ 25 ملین سے بڑھ کر 50 ملین تک کردی گئی ہے جبکہ اقلیتوں کیلئے سرکاری نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیاہے ۔ مسیحی برادری کے مستحق افراد کیلئے 5 کروڑ کرسمس کی گرانٹ کے تحت جاری کیے گئے ، ہر فیملی کو دس ہزار روپے دیئے گئے ، ہندو کمیونٹی کے مستحق افراد کیلئے ستر لاکھ جبکہ سکھ کمیونٹی کے مستحق افراد کو 30 لاکھ کی گرانٹ جاری کی گئی۔ مذہبی اقلیتوں کے رہائشی علاقوں، عبادت گاہوں اور قبرستانوں کے تحفظ اور بہتری کیلئے مینارٹی ڈویلپمنٹ فنڈ میں 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش کیلئے دس کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ مذہبی اقلیتوں کے مذہبی مقامات کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جا رہا ہے ، کرسچن میرج ایکٹ کے تحت غیر قانونی شادیوں کی روک تھام اور نادرامیں رجسٹریشن کے عمل کو مزید شفاف بنایا جا رہا ہے ۔ کورونا وبا کے دوران مختلف فلاحی اداروں کیساتھ مل کر ضرورت مند خاندانوں میں راشن اور ایک کروڑ دس لاکھ روپے کی امدادی رقوم بھی متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی گئی ہیں۔