کراچی ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پرانے کرکٹ سٹرکچر کو ختم کرکے نیا سسٹم بنانے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹرز کیلئے مواقع محدود ہونے کے نتائج سامنے آنے لگے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹر فضل سبحان اپنا گزر بسر کرنے کے لیے کراچی میں پک اپ چلانے پر مجبور ہے ۔ اس ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے 31 سالہ فضل سبحان نے کہا کہ وہ یہ گاڑی کرائے پر چلاتے ہیں ۔ جب ان کا کام چلتا ہے تو پیسے آجاتے ہیں لیکن کبھی وہ 10، 10 دن تک بے روزگار بیٹھے رہتے ہیں۔ فضل سبحان نے بتایا کہ جب وہ اپنے ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کرکٹ کھیلتے تھے تو انہیں ماہانہ ایک لاکھ روپے تنخواہ ملتی تھی تاہم ڈیپارٹمنٹ بند ہونے کے بعد اب وہ اپنے دیگر ذرائع آمدن سے 30 سے 35 ہزار روپے کمارہے ہیں جو ان کے گزر بسر کے لیے کافی نہیں ہیں لیکن بچوں کیلئے کچھ تو کرنا پڑتا ہے ۔