کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ تیزی کے بعد بدھ کو پھر مندی غالب آگئی ۔کے ایس ای100انڈیکس 34ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدسے گرکر170.44پوائنٹس کی کمی سے 33848.68پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ 57.78فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے سرمایہ کاروں کو 9ارب 9کروڑ92لاکھ روپے کا نقصان اٹھاناپڑا ۔ گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔فوڈز ،کیمیکل ،پیٹرولیم سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی بدولتانڈیکس34396پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تاہم بعد ازاں حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے سے مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی ۔ بعد میں ریکوری آئی تاہم مندی غالب رہی۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 113.94پوائنٹس کمی سے 14632.79پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 34.35پوائنٹس کمی سے 24339پوائنٹس ہوگیا۔دریں اثناعالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے باعث ملکی مارکیٹوں میں بھی سونا300روپے کمی سے 98ہزار600روپے فی تولہ ہوگیا جبکہ10گرام سونے کی قیمت257روپے کمی سے 84ہزار534روپے ہو گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں65پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید164.85سے بڑھ کر165.50اور قیمت فروخت165.15سے بڑھ کر166روپے ہو گئی ۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں70پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید164.80 سے بڑھ کر165.50 اور قیمت فروخت165.30روپے سے بڑھ کر166 روپے پر جا پہنچی۔