لندن(این این آئی، نیٹ نیوز ) انگریزی کے شہرہ آفاق مصنف ولیم شیکسپیئر کی پہلی کتاب کو ریکارڈقیمت ڈیڑھ ارب روپے سے زائد میں نیلام کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیکسپیئر کی 1623 میں لکھی گئی کتاب کو امریکی شہر نیویارک کے کرسٹیز نیلام گھر میں 99 لاکھ 98 ہزار ڈالر (ایک ارب 62کروڑ روپے سے زائد) میں فروخت کیا گیا، اسے دی فرسٹ فولیو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔دی فرسٹ فولیو کوعظیم مصنف شیکسپیئر کی موت کے 7 سال بعد انکے لکھاری دوستوں جان ہیمنگس اور ہنری کونڈیل نے ترتیب دے کر شائع کرایا تھا۔اس کتاب کی دنیا بھر میں صرف 235 کاپیاں موجود ہیں، جس میں سے محض 6 کاپیوں کو اصل مانا جاتا ہے ، فروخت ہونیوالی مذکورہ کاپی ان چھ کاپیوں میں سے ایک تھی۔ شیکسپیئر کی پہلی کتاب میں انکے مقبول ترین ڈرامے جولیس سیزر سمیت 18 ایسی کہانیاں شائع کی گئیں جنہیں پہلے کبھی شائع نہیں کیا گیا تھا اور اگر مذکورہ کتاب میں وہ کہانیاں نہیں ہوتیں تو دنیا شاہکار ادب سے محروم رہ جاتی۔قبل ازیں بھی شیکسپیئر کی ایک اور کتاب کو 2001 میں ریکارڈ قیمت یعنی 65 لاکھ ڈالر میں نیلام کیا گیا تھا۔