لاہور،فیصل آباد (نیوزرپورٹر، 92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) یکساں جنرل سیلز ٹیکس کیخلاف ہول سیلرز اور ٹریڈرز شہرشہرسراپا احتجاج بن گئے ، لاہور، گوجرانوالہ ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تاجروں کی ہڑتال کیباعث مارکیٹیں بند ہیں۔یکساں جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ہول سیلرز اورٹریڈرزکاروبار بند کرکے سڑکوں پر آگئے ، لاہور سمیت مختلف شہروں میں مارکیٹیں بندہیں۔فیصل آباد میں ایمبرائیڈری یونٹس کی گیارہویں اور پراسیسنگ ملز کی ساتویں روز بھی تالہ بندی ہے ، ہول سیلرزاور ٹریڈرز کی بھی شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے جب کہ انجمن تاجران نے بھی دو روز کے لیے دکانیں بند رکھنے کااعلان کر رکھا ہے ، انجن تاجران سپریم کورٹ نے گھنٹہ گھر چوک میں احتجاجی کیمپ لگا لیا۔پولیس نے کارخانہ بازار فیصل آباد میں تاجروں کے کیمپ پردھاوا بول دیا ، پولیس نے شامیانے اکھاڑ دئیے اور سامان بھی پھینک دیا، تاجروں نے احتجاجاً دھوپ میں کرسیاں لگا لیں، ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان بھی کردیا۔گوجرانوالہ میں بھی آج اور کل تمام مارکیٹیں بندرہیں گی،شہر بھرمیں تاجروں نے احتجاج اور ہڑتال کے بینزرز آویزاں کردیئے ،پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔تاجروں اور صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت 17 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ پر نظر ثانی کرے ،شناختی کارڈ کی شرط بھی ختم کی جائے ۔آل پاکستان انجمن تاجران نے بھی 13 جولائی سے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔صدر کلاتھ مارکیٹ بورڈ گوجرانوالہ کا کہناہے کہ اضافی ٹیکس واپس نہ لیے گئے تو ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رکھیں گے ۔ادھر بجٹ کے خلاف فیصل آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے والے انجمن تاجران سپریم کونسل کے سرپرست اعلی حاجی اسلم بھلی نے چیئرمین ایف بی آر اور صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کے سامنے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔