لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ لیلیٰ نے کہا ہے کہ یکم مئی مزدوروں کا دن ہے لیکن اس روز مزدوروں کے علاوہ ہر طبقہ چھٹی مناتا ہے ،میرا مطالبہ ہے کہ اس روز صرف مزدور کو چھٹی ملے اور حکومت کی جانب سے اس روز بغیر کسی کام کے پانچ گنا معاوضہ پیشگی ملنا چاہیے تاکہ وہ بھی ایک روز اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزار سکے اور اچھے اچھے کھانے کھا سکے ۔ ایک انٹر ویو میں لیلیٰ نے کہا کہ یہ عجیب رواج ہے کہ مزدور یکم مئی کے دن سے بے پر واہ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے سڑکوں پر ہوتے ہیں جبکہ ان کے نام پر سرکاری و نجی دفاتر حتیٰ کہ ہر طبقہ چھٹی مناتا ہے اور انہیں پوچھتا تک نہیں ۔ ایسا بھی تو ہو سکتا ہے کہ اس روز شہری اپنے گھروں سے اچھے اچھے کھانا بنا کر مختلف مقامات پر کام کرنے والے مزدوروں کے پاس لے کر جائیں اور ان کی عظمت پر انہیں تحسین پیش کریں۔ لیلیٰ نے کہا کہ اب حکومتوں کو بیانات سے آگے بڑھ کر حقیقی معنوں میں مزدوروں کے لئے کچھ کردکھانا ہوگا ۔