واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نائب صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے صدر ٹرمپ کو بدمعاش اور امریکی معاشرے کو تقسیم کرنے والا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے صدارتی مباحثے میں امریکی عوام نے صدر ٹرمپ کا اصلی چہرہ دیکھ لیا، مباحثے کے دوران صدر ٹرمپ کے تمام ایکشن انکی بدحواسی ، گھبراہٹ اور منافقت کا منہ بولتا ثبوت تھے ، وہ اپنے خیالات سے امریکی عوام کو مطمئن نہیں کر سکے ، صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ایک منجھے ہوئے اور ذمہ دار لیڈر ہونے کا واضح ثبوت دیا۔ صدر ٹرمپ کا حقیقی چہرہ سب کے سامنے آچکا ہے وہ ایک جھوٹا اور سفید فاموں کی بالادستی کا خواہشمند ہے ، امریکی عوام آنے والے الیکشن میں ایک جھوٹے شخص کو دوبارہ اوول ہاؤس نہیں بھیجیں گے ۔