لاہور،اسلام آباد، کراچی، پشاور، راولپنڈی (سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ، کرائم رپورٹر، سٹاف رپورٹرز) ملک بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، ملک کے تمام شہروں،آزاد کشمیر میں شبیہ ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے ، مجالس عزا برپا ہونگی، عزادار ماتم اور زنجیر زنی کریں گے ،اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے گزشتہ شب برآمد ہوگیا، قبل ازیں نثار حویلی میں مجالس عزا ہوئیں جن میں ذاکرین اور علمائکرام نے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ بیلہ برادرز نے قدیمی مرثیہ پڑھا۔شبیہ ذوالجناح کا یہ مرکزی جلوس اپنے قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا اذان فجر کے وقت چوک نواب صاحب پہنچا۔ جہاں ماتم اور زنجیر زنی ہوئی۔ اس کے بعد یہ جلوس چوہٹہ مفتی باقر، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار سے رنگ محل جائیگاجہاں نماز ظہرین ادا کی جائیگی۔جلوس صرافہ بازار، گمٹی بازار، ڈبی بازار، سید مٹھااور تحصیل بازار کی امام بارگاہ مبارک بیگم، بازار حکیماں،فقیر خانہ میوزیم ، اونچی مسجد بھاٹی گیٹ اورپھر بھاٹی چوک سے لوئر مال پر کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوجائیگا جہاں آج شام غریباں کی مجلس برپا ہو گی۔ قبل ازیں نویں محرم الحرام کے سلسلہ میں لاہور میں شبیہ ذوالجناح کے 79جلوس نکالے گئے جبکہ 378مقامات پر مجالس عزا کا انعقاد کیاگیا۔ نومحرم کوشبیہ ذولجناح کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔دوران جلوس عزاداروں نے نماز ظہرین، عصرین اور نماز مغربین روٹ کے مختلف مقامات پر ادا کی۔ کیولری گراونڈ، شادمان، شاہدرہ، نکلسن روڈ اور شہر کے دیگر علاقوں سے بھی جلوس برآمد ہوئے ۔اسلام آباد میں نویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو میں برآمد ہوا جو روایتی راستوں لال کوارٹر، سر عبدالرشید ایونیو، میلوڈی چوک، جی پی او اور پولی کلینک سے ہوتا ہوا واپس اثناء عشری امام بارگاہ پر ہی اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں جگہ جگہ شرکاء ماتم، نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے رہے ۔ادھر 9محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک کراچی سے پاک حیدری سکاوٹ کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں نمائش،ایم اے جناح روڈ،پریڈی،صدر،تبت سینٹر،جامع کلاتھ،بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔ پشاور میں نویں محرم الحرام کا جلوس امام بارگاپہ حسینیہ سے برآمد ہوا۔ روایتی راستوں سے گزرتے ہو ئے امام بارگاہ حسینیہ میں اختتام پذیر ہو ئے ۔دریں اثنا ٌمحکمہ داخلہ کے حکم نامے کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج10ویں محرم الحرام کو بھی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی۔نویں محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی کے فیصلے کی خلا ف ورزی کرنے پر متعددموٹرسائیکل سواروں کو تھانوں میں بند کر دیا گیا جبکہ جرمانے بھی کئے گئے ۔ آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں بھی یوم عاشور روائتی مذہبی جوش وجذبے اورعقیدت و احترام سے منایا جائے گا اس موقع پر علم ،ذوالجناح اور تعزیئے کے جلوس برآمد ہوں گے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ نے ظلم اور جبر کے سامنے سرنہ جھکایا نہ ہی یزید کی حکومت کو تسلیم کیا ،حق وباطل کے معرکہ میں انسان کو ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیے اور قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے ،حق وباطل کا معرکہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔ سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے ۔ امام عالی مقام نے اپنے اسوہ سے یہ ثابت کردیا کہ حق وباطل کے معرکہ میں انسان کو ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیے اور قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ حق وباطل کا معرکہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔ کرونا ایس اوپیز پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔