اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے برطانیہ میں پاکستان کو کورونا کے حوالے سے ریڈ زون میں ڈالنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ریڈ زون میں شامل کرنا پاکستانی اور پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا عکاس ہے ۔وزارت انسانی حقوق کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کو ریڈ زون میں شامل کرنا پاکستانی اور پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا عکاس ہے ، دوسری جانب بھارت جیسی ریاستوں کو ریڈ زون میں شامل کرنے سے چھوڑ دیا گیا ہے جہاں نئے مہلک وائرس کے ساتھ کورونا کے پھیلائو کی رفتار زیادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں قرنطینہ کے لازمی 10 دن گزارنے کے لئے پاکستانی شہریوں نے 1750 پائونڈ فی شخص ادائیگی کی اور ان کے ساتھ صرف اس وجہ سے نامناسب سلوک روا رکھا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے ۔