کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پھر مندی کا رجحان غالب آگیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 198.92پوائنٹس کی کمی سے 40281.96پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ حصص کی فروخت کے دباؤ کے باعث59.54فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو17ارب 38کروڑ84لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس40911پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دبائو بڑھ گیا جس کے نتیجے میں مندی چھاگئی جو آخر تک برقرار رہی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای30انڈیکس128.04پوائنٹس کی کمی سے 16865.96 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 64.93پوائنٹس کی کمی سے 28366پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ دریں اثناگزشتہ روزمقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 500روپے کی کمی سے 1لاکھ13ہزار600روپے ہوگئی ۔ علاوہ ازیں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں20پیسے کی مزید کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید159.90روپے سے گھٹ کر159.70روپے اور قیمت فروخت160روپے سے گھٹ کر159.80روپے پر آ گئی۔