کراچی ( کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں مسلسل دوسرے روزبدھ کوبھی مندی کا رجحان غالب رہا جسکے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 48 ہزارکی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 370.36 پوائنٹس کی کمی سے 47777.62 پوائنٹس پرآگیا جسکے باعث سرمایہ کاروں کو 68 ارب 33 کروڑ10 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا،۔گزشتہ روزکاروبارکے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 370 پوائنٹس کمی سے 47777.62 پربند ہوا ۔گزشتہ روز416 کمپنیوں کا کاروبارہوا جسمیں 130کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،274 میں کمی اور12 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 83 کھرب 60 ارب 38 کروڑ81 لاکھ سے گھٹ کر82 کھرب 92 ارب 5 کروڑ71 لاکھ روپے ہوگئی۔بدھ کوانٹربینک میں ڈالرکی قدرمیں 15 پیسے اضافے سے ڈالرکی قیمت خرید 155.75 روپے اورقیمت فروخت 155.85 روپے ہوگئی۔دوسری جانب صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں 4 ڈالرکی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 1891 ڈالرہوگئی جس سے ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 650روپے کمی سے فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 11 ہزار100 روپے اور558 روپے کمی سے 10 گرام سونے کی قیمت 92ہزار250 روپے پرہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 40 روپے کمی سے 1460 روپے ہوگئی۔