مکرمی !ہوٹلوں اوربھٹہ مالکان نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کی ملی بھگت سے چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی کر تے ہو ئے بچوں سے مشقت کروانی شروع کر رکھی ہے اور مزدوروں کو کم مزدوری دی جاتی ہے ۔مزدوروں سے 12سے 18گھنٹے تک کام لیا جا تا ہے اور مزدوری 9سے 12ہزار دی جاتی ہے جو مہنگائی کے اس دور میں انتہائی کم ہے ۔اگر گھر کا کوئی فرد بیمار ہو جا ئے تو اسکا علاج ،بچوں کی تعلیم کا خرچ اورگھریلو اخراجات مزدوروں کے لئے پورا کر نا بہت شکل ہو گیا ہے ۔اوپر سے دوکاندار حضرات من مرضی کے ریٹ لگا رہے ہیں ۔سر کاری ریٹ سے 20سے 50رو پے زائد لگا کر اشیاء فروخت کر رہے ہیں کوئی پو چھنے والا نہیں ہے ۔ کم عمر بچوں سے مشقت کروا کر پاکستان کے مستقبل کو تاریک کیا جا رہا ہے ۔انتظامیہ کو چاہیے کہ مالکان کے ساتھ ساتھ ساز باز ہونے والے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے خلاف بھی محکمانہ کاروائی کی جائے اور غریب مزدور طبقہ کو مزید ظلم کی چکی میں پسنے سے بچایاجائے ۔ (ملک شفقت علی،ساہیوال )