لاہور(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر حمایت کرنے پر چین کے صدر شی جن پنگ اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو اظہار تشکر کے خطوط ارسال کردئیے ۔ متن میں پاکستان کے عوام اور اپنی جماعت کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر آپ کی حمایت پاکستان سے آپ کی پرخلوص اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہے ۔چین کے صدر کے نام خط میں شہباز شریف نے کہا چین نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے ،چین کے صدر نے بجا طور پر اس دوستی کو آئرن برادرز کا نام دیا ہے ، یقین دلاتا ہوں کہ میں اور میری جماعت سی پیک منصوبہ کے فروغ کے لیے اپنی سر توڑ کوششیں جاری رکھیں گے ،میرا پختہ یقین ہے کہ سی پیک پورے خطے میں خوشحالی کی نوید ہے ،سی پیک کو بین الریاستی تعلقات کی کامیاب مثال کے طور پر تبدیل ہوتے دیکھنے کے آرزو مند ہیں ۔ ترک صدر کے نام خط میں شہباز شریف نے کہا کشمیر کے مسئلے پر آپ کی حمایت پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات اور پرخلوص دوستی کا ثبوت ہے ۔یقین دلاتے ہیں کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں ۔شہباز شریف نے چین اور ترکی کے صدور کی قیادت میں دونوں ممالک کی خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔