لندن ( نیٹ نیوز) برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنے بھائی شہزادہ ولیم اور والد شہزادہ چارلس سے ہفتہ کے روز دو گھنٹے تک بات چیت کی ہے ، اس ملاقات کے بعد ان کے آپسی اختلافات ختم ہونے کی امید کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد شہزادہ ہیری اپنے داد شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے پہلی مرتبہ برطانیہ واپس آئے تھے ۔ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ ہیری اب اپنی دادی ملکہ الزبتھ کی سالگرہ کی تقریبات کیلئے برطانیہ میں مزید قیام کریں گے ۔ تاہم ہوسکتا ہے کہ وہ اس سے قبل ہی لاس اینجلس واپس چلیں گے ۔ گزشتہ ماہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے برطانوی شاہی خاندان پر تعصب برتنے اور نسل پرستی کے الزامات عائد کئے تھے ۔ اب تینوں نے ونڈسر پیلس میں ایک ساتھ وقت گزارا، ذرائع کے مطابق کیمروں سے دور کیا بات چیت ہوئی، یہ تو معلوم نہیں لیکن یہ امکان ہے کہ اس میں میگھن کے شاہی خاندان کو چھوڑنے اور امریکی میزبان کو انٹرویو کا تذکرہ بھی ہوا ہوگا۔ اگر معاملات درست چلتے رہے تو ہوسکتا ہے کہ ہیری الزبتھ کی سالگرہ کیلئے برطانیہ میں ہی رک جائیں۔ اطلاعات کے مطابق ہیری کا شاہی خاندان نے بے دلی سے استقبال کیا ہے ۔ شہزادی اینی، شہزادہ ایڈورڈ اور ان کی بیوی سوفی نے تقریب کے دوران ان سے زیادہ بات چیت نہیں کی۔میگھن کو امریکی میزبان اوپرا کو انٹرویو کے بعد شاہی خاندان کے افراد میں ہیری کیلئے ہمدری کم ہوگئی ہے ۔