مکرمی ! پاکستان تبدیلی کے بعد اب ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے، اور اس میں تانیہ ایدروس کو فرائض منصبی سونپ دیے گئے۔ جب تبدیلی کی ہوا چلی تو پاکستان میں اچھے خاصے بڑے اور چھوٹے برج الٹ گئے، لوگ بے روزگار ہوئے، مہنگائی کی شرح، سود کی شرح اور ڈالر میں بے تحاشہ اضافہ ہوا۔ پچھلے دنوں جب وزیراعظم تقریب سے خطاب کر رہے تھے کہ اب ڈیجیٹل پاکستان بنے گا تو ایک سادہ لوح آدمی بیٹھے ہوئے تھے پوچھنے لگے، اب میں ڈیجیٹل پاکستان کا مطلب تو نہیں جانتا مگر بس آپ سادہ لفظوں میں یہ بتائیں کہ پاکستان کے حالات بدل جائیں گے کیا؟ بیروزگاری کم ہوگی، کیا مہنگائی ختم ہوگی عام آدمی کو صرف اتنا پتا ہے کہ صبح کام پر جانا ہے اور تین وقت کے کھانے کا بندوبست کرکے گھر واپس لوٹنا ہے۔ پاکستان میں بھی انتہائی ذہین دماغ موجود ہیں جو پاکستان کے لیے یہ تمام تر ذمہ داریاں بہترین طریقے سے ادا کرسکتے ہیں۔ ضرورت ہے ان کے لیے کچھ کرنے کی اور ان سے وطن عزیز کے لیے کام لینے کی۔ اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بحال کرنے کی، اور بڑے اداروں میں پاکستان کے لوگوں کو بھیجنے کی۔ تاکہ وہ ملک کی ساکھ کو بہتر بنانے میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکیں۔ ( سید مصعب غزنوی)