پشاور (92نیوز ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے ملک میں مہنگائی کے طوفان ، بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور حکومت کی ناقص و عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اے این پی کے صوبہ گیر احتجاج کو کامیاب بنانے پر پارٹی کارکنوں کی عظیم کاوشوں پر ان سے اظہار تشکر کیا ہے ، اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر بشمول قبائلی اضلاع میں مہنگائی کے خلاف پر امن احتجاج کا انعقاد انتہائی مثالی رہا اور پارٹی عہدیداروں و کارکنوں سمیت تمام طبقہ فکر کے لوگوں نے جس طرح مظاہروں میں شرکت کی اس پر تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل کے مظاہروں میں عوام کی بھرپور اور تاریخی شرکت نا اہل ، نالائق اور غیر منتخب حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی عوام کو حکمرانوں کی ظالمانہ پالیسیوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی،مہنگائی کے خاتمے اور عوام دشمن پالیسیوں کی تبدیلی تک عوام کے شانہ بشانہ جدوجہد جاری رکھیں گے ۔