اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)مشیرتجارت وٹیکسٹائل عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کے حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے ،میکسیکو کے ساتھ چاول کی برآمدات کے امکانات روشن ہیں۔گزشتہ روز مشیر تجارت نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ میکسیکو کے ساتھ چاول کی برآمد رکی ہوئی ہے کوشش ہے کہ میکسیکو کو چاول کی برآمد جلد شروع ہو جائے ۔انہوں نے کہا کہ میکسیکو سے چاول سے متعلق وفد آئندہ 2 ماہ تک پاکستان کا دورہ کرے گا، وفد پاکستان کے برآمد کنندگان کو چاول برآمد کرنے کی اجازت دینے کیلئے جانچ پڑتال کرے گا۔مشیرتجارت نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ممبران سے کہا کہ وہ اس ضمن میں تیاری کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ برآمدکنندگان کی منظوری ہو سکے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفد کے دورہ سے پاکستانی چاول کو میکسیکو کی منڈی تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔