لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران جن کو ثالث سمجھ رہے ہیں وہ کشمیر کو ٹکڑوں میں بانٹنے کی تیاری کر رہے ہیں، انکا فیصلہ یہ ہوگا کہ جس حصے پر قبضہ ہے وہ بھارت کا اور جو آزاد ہے وہ پاکستان کا حصہ ہے ۔مگر ہم کسی قیمت پر ٹرمپ کی ثالثی قبول کرینگے نہ کشمیر کو ٹکڑوں میں بٹنے دینگے ۔ گزشتہ روزجماعت اسلامی حلقہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں حجاب کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ حکمرانوں نے کشمیر کی آزادی پر کوئی سودے بازی کرنے کی کوشش کی تو انہیں اسلام آباد میں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔حکمران بے بسی سے امریکہ و برطانیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ حکومت اس خوش فہمی کا شکار ہے کہ کشمیرکی آزادی کیلئے امریکہ ہماری مدد کریگا۔ ٹرمپ تو مسئلہ کشمیر کو عالمی مسئلہ تک تسلیم کرنے کیلئے بھی تیار نہیں۔کشمیر پاکستان کی نظریاتی ، جغرافیائی اور معاشی شہ رگ ہے ۔ قوم چاہتی ہے کہ افواج پاکستان اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے آزادی کشمیر کیلئے آگے بڑھیں ، پوری قوم انکی پشت پر ہوگی ۔کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے ۔اسمبلیوں میں موجو د جماعتیں اپنے لیڈروں کی رہائی کیلئے تو احتجاج کرتی ہیں مگر کشمیرکی آزادی کیلئے باہر نکلنے کو تیار نہیں۔ملک کی تباہ حال معیشت کی وجہ سے معاشی تباہی اور بربادی کی یہی رفتار رہی تو لوگ فاقوں مرنے لگیں گے ۔مہنگائی ، بیروزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے ،عوام کیلئے سانس لینا مشکل ہو چکاہے اور وزیراعظم کہتے ہیں کہ معاشی ترقی کا سوال پانچ سال بعد کرنا، حکومت کے پاس معیشت میں بہتری کا کوئی حل نہیں ۔ کانفرنس سے حمیرا طارق ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔