لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ نوازشریف جس طرح چل کرگئے ساری دنیا نے دیکھ لیا،میڈیا نے اتنی ہائپ بنائی ہوئی تھی کہ اگر نوازشریف کو نہ بھیجاگیاتو انہیں کچھ بھی ہوسکتا ہے ، پروگرام کراس ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب تک اس معاملے کی انکوائری نہیں کی جائے گی پتہ نہیں چلے گا،ڈاکٹر فیصل صرف معائنہ کرنے گئے تھے وہ بورڈ میں شامل نہیں تھے ،ہم نے تو رپورٹ دیکھ کر بھیج دیا باقی سٹوری آہستہ آہستہ بے نقاب ہورہی ہے ۔گروپ ایڈیٹر 92نیوز ارشاد احمد عارف نے کہا ہے کہ جہاز سے جو تصاویر جاری کی گئیں ان سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ ہائپ پیدا کی گئی لیکن یہ میڈیا نے پیدا نہیں کی۔ میرا خیال ہے کہ عمران خا ن کو موقع مل گیا کہ ان کا سخت ترین مخالف باہرچلا گیا اب وہ نواز شریف کا باب بند کر کے اپنی کارکردگی اور ٹیم پر توجہ دیں ، اگر انہیں رپورٹس ملی ہیں تو ان کی انکوائری کرالیں، چیخنے چلانے سے کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تضحیک کرنے کا سلسلہ ذوالفقار علی بھٹو نے شروع کیا تھا ،عمران خان بھی وہی کام کررہے ہیں ،پتہ نہیں ان کو کون مشورہ دے رہاہے ،ان کی یہ بات کوئی اچھی نہیں کیونکہ عوام وزیراعظم سے رول ماڈل کی توقع کرتے ہیں۔عمران اگراحتساب کرنا چاہتے ہیں تو یہ ا س وقت کامیاب ہوگا جب ان کی ٹیم پر کوئی داغ نہ لگے ،ن لیگی رہنما سلیم ضیا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قسمت میں اب رونارہ گیا ہے ، حکومت کے ساتھ جو ہوئی ہے اس پر یہ عمر بھر روتے رہیں گے ،ا نہوں نے کہاکہ عمران کے پا س کہاں سے پیسہ آیا وہ جواب دیں ۔ شریف خاندان محنت سے امیرہوا وہ آج سے نہیں سو سال سے امیرہے ،انہوں نے کوئی سلائی مشین سے پیسہ نہیں بنایا۔جے یو آئی ف کے رہنما مفتی عبدالشکور نے کہا کہ پوری قوم متفق ہے کہ عمران خان شعبد ہ باز زیادہ اوروزیراعظم کم ہے ،موجودہ حکومت نے غریب کے منہ سے نوالہ چھین لیا ، حکمران مولانا فضل الرحمان پر ایک روپے کی کرپشن ثابت کریں میں سیاست چھوڑ دونگا ۔