راولپنڈی(نامہ نگارخصوصی)وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے معاملے پر ڈیل ہوئی نہ ڈھیل ، عدالت نے دونوں فریقین کی عزت کو بحال رکھا،شریف فیملی بہت کنجوس ہے ،یہ لوگ سعودی عرب جاتے وقت حمزہ شہباز کو ضمانت پر رکھ کرگئے تھے ،یہ لوگ سمجھتے ہیں کفن کے ساتھ جیبیں بھی لگی ہوئی ہیں،سیاست اور جنگ میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے ، پاکستان کی سیاست خوشگوار ہے ، دوماہ تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے ، آصف زرداری کے کیس میں پلی بارگین کیلئے 5 لوگ لگے ہوئے ہیں، مولانا فضل الرحمن کسی کے کہنے پر نہیں اپنی مرضی سے واپس گئے ۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر ریلوے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کوتو جانا ہی تھا، انہیں تو جلدی جانا تھا تاہم 2 دن مزید رکنے پر انہیں داد دیتا ہوں۔وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا ہے کسی چور کو نہیں چھوڑنا، اﷲ تعالیٰ نوازشریف کو صحت دے ، شریف برادران کو باہر بھجوانے میں کسی کا کردارنہیں۔ انہوں نے حلفیہ بیان دیا کہ 4 ہفتہ بعد علاج کے بعد واپس آئیں گے ، یہ نوازشریف کی جیت ہے اور نہ ہماری ہار، یہ قانون کی فتح ہے ،حکومت اور نواز شریف دونوں کی عزت رہ گئی۔قبل ازیں شیخ رشید نے راولپنڈی سے اٹک جانے والی سٹیم انجن سفاری ٹرین کا افتتاح کر دیا ۔اس موقع پر برطانیہ ،اٹلی ،جاپان ،آسٹریا سے آئے باشندے موجود تھے ، سو سال پرانے اسٹیم انجن کو سفاری ٹرین کیلئے قابل استعمال بنایا گیا ۔افتتاح کے بعد پہلے سفر میں سٹیم سفاری ٹرین راولپنڈی ریلوے سٹیشن سے اٹک کیلئے روانہ ہوئی۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 100سال پرانے سٹیم انجن بحال کیے جارہے ہیں، تمام ممالک کا شکریہ جنہوں نے پاکستان ریلوے کی سٹیم نجن کی بحالی میں مدد کی۔