لاہور ، کراچی (کلچرل رپورٹرز) نیا ڈرامہ سیریل ’’عہد وفا ‘‘ میں پی ٹی وی کی معروف سیریل ’’الفا براؤ چارلی ‘‘ کے فنکار فراز انعام طویل عرصے بعد ہائی رینکنگ آرمی آفیسر کے کردار میں جلوہ گر ہونگے ۔ دیگر کاسٹ میں احد رضا میر‘ احمد علی ‘ ونیزہ احمد‘ عثمان خالد بٹ‘ زارا نور عباس‘ علیزے شاہ ‘ وہاج علی ‘ ہاجرہ یامین‘ انعام صدیقی اور دیگر شامل ہیں۔ مومنہ درید پروڈکشن کے بینر تلے بننے والے اس ڈرامے کی کہانی مصطفی آفریدی کی تحریر کردہ ہے جو کہ کیڈٹ کالج میں زیر تعلیم چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو زندگی کا بھرپور مزہ لے رہے ہیں لیکن ایک ناگہانی حادثے کی وجہ سے ان کی دوستی کا شیرازہ بکھر کر رہ جاتا ہے ۔ایک ایسے وقت میں جب ہمارے زیادہ تر ڈرامے خاندانی مسائل پر پیش کئے جارہے ہیں ایسے میں عہد وفا جیسا ڈرامہ تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے ۔ یہ شارق ‘ شاہ زین‘ شہریار اور سعد کی کہانی ہے ۔اس ڈرامے کی ہدایات سیف ِحسن کی ہے ۔