لاہور، اسلام آباد (نامہ نگارخصوصی، نامہ نگار) احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی گجرات پولیس میں 2 ارب 96 کروڑ روپے سے زائد کرپشن سکینڈل کیس میں ملوث دو ملزمان کے مزید آٹھ مارچ تک جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی،عدالت میں آئندہ سماعت پر فرد جرم کی کاروائی سے متعلق حتمی بحث کی جائے گی،ملزمان میں عمران صدیقی اور رضوان اشرف شامل ہیں،اس کیس میں سابق ڈی پی او گجرات رائے اعجاز اور سابق ڈی پی کامران ممتاز سمیت نو ملزمان کی لاہور ہائی کورٹ سے ضماتیں منظور ہو چکی ہیں ۔ احتساب عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث پیپلز پارٹی کے رہنما آصف ہاشمی کے خلاف کیس کی سماعت وکلاکی ہڑتال کے باعث بغیرکارروائی کے 12 مارچ تک ملتوی کردی ۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 2 مارچ تک ملتوی کر دی ،آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان کہ عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف سرکاری اشتہارات میں غیر قانونی تقسیم کے خلاف ریفرنس میں شریک ملزم فاروق اعوان کی ای سی ایل سے نام نکالنے اور نمائندہ کے ذریعے حاضری کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کیخلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت وکلا ہڑتال کے باعث 2 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت کے جج سیداصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت سابق وفاقی وزیر احسن اقبال وغیرہ کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت وکلاء ہڑتال کے باعث ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹیوجج محمد بشیرکی عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں اعتراف جرم پربلڈر احسان الہی کین21ارب روپے کی پلی بارگیننگ منظور کرلی۔