پرتھ (سپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دورہ آسٹریلیا میں ماضی کے برعکس بہتر نتائج کی توقع ہے ۔ ایک انٹرویومیں مصباح نے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایشین ٹیموں کو آسٹریلیا میں ہمیشہ مشکل ہوتی ہے لیکن ہماری لیے اچھی بات یہ ہے کہ ہماری بیٹنگ لائن تجربہ کار ہے ، گزشتہ دورے میں رنز کرنے والے اظہر علی، اسد شفیق اور شان مسعود اس ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ ان کا دورہ جنوبی افریقہ بھی اچھا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے نوجوان فاسٹ باؤلرز اور ساتھ میں یاسر شاہ بھی ہیں، یہ ٹیم پرعزم ہے لہٰذا آپ اچھے نتائج کی توقع کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے مثبت پہلو نوجوان فاسٹ باؤلرز اور یاسر شاہ ہیں، یاسر آسٹریلین کنڈیشنز سے واقفیت رکھتے ہیں۔ ہماری تیاری پہلے سے بہتر ہے ۔