لاہور(خبر نگار،خصوصی نمائندہ ،کامرس رپورٹر)سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آٹے پر سبسڈی کا طریقہ کار بدل رہے ہیں،فائیو سٹار ہوٹل اورغریب شہری کو ایک ریٹ پر آ ٹے کی فراہمی درست نہیں ۔ خصوصی گفتگو میں سینئر عبدالعلیم خان نے کہا کہ عام آدمی کو کم سے کم قیمت پر آٹے کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اسی لیے مستقبل میں مستحق اور ضرورت مند شہریوں کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام لائیں گے تاکہ صحیح حقداروں کو زیادہ سے زیادہ رعائتی نرخوں پر آٹا مل سکے ۔ مستقبل میں آٹے پر سبسڈی کا طریقہ کار بدلنے جا رہے ہیں ،فائیو سٹار ہوٹل اورغریب شہری کو ایک ہی ریٹ پر آٹے کی فراہمی درست نہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ صوبے کی فنکشنل فلورملز کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی لیکن نان فنکشنل فلور ملز کو گندم کا سرکاری کوٹہ نہیں ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کی طرف سے شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے مربوط منصوبہ بندی پر کام شروع ہوگیا ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ فلور ملز بھی حکومت سے تعاون کریں گی۔ دریں اثنا عبدالعلیم خان نے شیخوپورہ کے قریب حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لئے صبر و حوصلے کی دعاکی۔