اسلام آباد ، لاہور (سپیشل رپورٹر ، جنرل رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کاکہناہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں ملا،اگر دعوت نامہ مل بھی جاتا توواضح ایجنڈے کے بغیر شرکت نہ کرتے ، اے پی سی کاایجنڈا واضح نہیں، ذاتی مقاصد کے لئے کسی تحریک کاحصہ نہیں بنیں گے ، اسلامی نظام کا ایجنڈا سود اور کرپشن کے خاتمے کا ایجنڈا ہوگا تب ہی شرکت کریں گے ، سراج الحق نے کہا اپوزیشن بتاتی بھی نہیں اس پر حکومت کا ساتھ دینے کیلئے کیا دباؤ تھا ، آئی ایم ایف کی غلامی کی دستاویز پر دستخط کرنے سے ملک پر قیامت گزرگئی لیکن پارلیمنٹ کی بڑی جماعتوں نے حکومت کی مرضی پر قانون سازی میں اس کاساتھ دیا۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے مولانا عبد الستار نیازی ؒ کی یاد میں منعقدہ مجاہد ملت سیمینار سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا علمائو مشائخ کو پاکستان بچانے کیلئے آگے بڑھنا ہوگا، موٹروے خاتون زیادتی واقعے کے مجرم کو اب تک نہ پکڑنا حکومت کی ناکامی ہے ، عراق ، شام ، لیبیا تباہ کرنے والوں کا اگلا نشانہ پاکستان ہے ، اس لئے قوم متحد ہو جائے ۔