پولیس کو اطلاع دینے کی ایمرجنسی کال 15کو تھانوں سے منسلک کرنے کے سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے کہا ہے کہ 15کی ہر کال براہ راست تھانے کے روزنامچے میں درج ہو جائے گی اور جرائم سے متعلقہ درخواستوں پر اندراج مقدمہ سمیت قانونی کارروائی کا بھی آغاز کر دیاجائے گا۔ پولیس پکار15کال نظام بلا شبہ عوام کی مدد کا بہت بڑا ذریعہ ہے اور بعض تحفظات اور شکایات کے باوجود اس کی مجموعی کارکردگی بہتری کی طرف گامزن ہے۔15کال سسٹم کی وجہ سے پولیس نے موقع پر پہنچ کر نہ صرف متاثرین کی مدد کی بلکہ کئی جرائم پر ان کے وقوع سے قبل ہی قابو پا لیا گیا۔ پولیس کو عوام سے یہ شکایات ہیں کہ بعض اوقات15 پر لوگ جعلی کالز چلاتے ہیں لیکن جب پولیس موقع پر پہنچتی ہے تو وہاں کوئی وقوعہ ہی نہیں ہوا ہوتا ۔ پولیس نے گزشتہ دو سال کے دوران سسٹم میں تبدیلی لا کر اسے بہتر بنانے کے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ کال 15سسٹم کو تھانوں سے منسلک کرنے سے نہ صرف اس میں مزید بہتری آئے گی بلکہ اسے عوام کی شکایت کو فالو اپ کرنے کا موقع ملے گا ۔اس سے جرائم سے متعلقہ درخواستوں پر مقدمات کے اندراج اورجرائم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ شہریوں کی شکایات جلد رفع کی جا سکیں گی ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ 15کال سسٹم اور تھانوں میں درج شکایات پر عملدرآمد کے لئے تمام جدید ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔