کوئٹہ ،ڈیرہ بگٹی، رحیمیار خان (خصوصی رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں ) ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں سابق وزیر داخلہ بلوچستان سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 4 افراد شہید جبکہ لیویزاہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے ۔حکام کے مطابق سوئی کے علاقے مٹ موندرانی میں دہشت گردوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی، 5 شدید زخمیوں کوشیخ زاید ہسپتال رحیمیار خان منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز کی بھا ری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علا قے کو گھیرے میں لیکر حملہ آروں کی تلاش شروع کر دی ۔سینیٹر سرفراز بگٹی نے اپنے ٹویٹ میں کہا حملے میں میرے کزن سمیت 4 افراد شہید ہوئے ، بلوچ ری پبلیکن آرمی کے دہشتگرد حملے میں ملوث ہیں ،حکومت مذاکرات کے نام پر ہم سے مذاق کر رہی ، حکومت سے پوچھتا ہوں کیوں ہمیں دہشتگردوں کے آگے پھینک دیا ہے ، لوگوں کی مدد کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے امن فورس کے رضاکاروں کی شہادت پردلی رنج وغم کا اظہار کیا۔وزیراعلی کا کہنا تھا امن دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائی کی،دہشتگردوں کو کیفرکردارتک پہنچائیں گے ، امن کیلئے قربانیاں اورکاوشیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اسلام آباد، لاہور (سپیشل رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ، نیوزایجنسیاں ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کیچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے 10 فوجی جوانو ں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا ایسے بزدلانہ حملے ہمارے حو صلے پست نہیں کر سکتے ، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ،ڈپٹی سپیکر قاسم سوری ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیرداخلہ شیخ رشید،وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری،وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، وفاقی وزیر اقتصادی امورعمرایوب ،وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کیچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا شہدا ہمارے ہیرو ہیں ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف،صدر (ن) لیگ شہباز شریف،نائب صدر( ن ) لیگ مریم نواز ، حمزہ شہباز، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کیچ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا دس فوجی جوانوں کی شہادت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ وطن عزیز کے تحفظ کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔دریں اثناء تمام مذاہب و مسالک کے اکابرین نے پاک فوج کے جوانوں پر حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا ہے ۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمو د اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا مفتی عبد الرحیم، پیر نقیب الرحمن ، صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن ، مولانا مفتی زبیر، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری ، علامہ عارف واحدی ، علامہ حسین اکبر ، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ، علامہ افضل حیدری ، مولانا حامد الحق حقانی ، مولانا یوسف شاہ ، مولانا محمد خان لغاری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا ابو بکر حمید صابری ، مولانا اسلم صدیقی ، مولانا پروفیسر ابوبکر صدیق ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا عبید اللہ گورمانی ، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا پیر اسعد حبیب شاہ جمالی، چرچ آف پاکستان بشپ آزاد مارشل، بشپ ارشد جوزف ، سردار بشن سنگھ ، ڈاکٹر مہندر، ڈاکٹر پال بھٹی اور دیگر اکابرین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا بلوچستان میں پاک فوج پر حملے قابل مذمت اور قابل افسوس ہیں، دشمن پاکستان کی سلامتی اور استحکام سے کھیلنا چاہتا ہے ۔ اکابرین نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحتیابی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی ۔