واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) پاکستان میں سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ عالمی برادری سنجیدہ مذاکرات کیلئے طالبان پر دبائو بڑھائے ،پاکستان کا خطے میں اہم کردار رہیگا، عالمی کوششوں کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا، طالبان سنجیدہ رویہ نہیں اپنا رہے جس سے افغان امن عمل کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔سابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے طالبان کو یہ پیغام دینا چاہئے کہ وہ امن عمل کو آگے بڑھانے کے لئے سنجیدہ ہو کر مذاکرات کریں کیونکہ ابھی تک وہ سنجیدہ رویہ نہیں اپنا رہے ،بظاہر وہ امن عمل میں شریک لگتے ہیں لیکن اس کے ساتھ وہ اپنی جنگی سرگرمیوں کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹرمپ کی جارحانہ حکمت عملی بری طرح ناکام ہوئی ،پاکستان کا اس خطے میں اہم کردار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سنجیدہ رویہ نہیں اپنا رہے جس سے افغان امن عمل کو نقصان پہنچ رہا ہے ، عالمی سطح پر ان پر دبائو بڑھانا چاہئے تاکہ وہ سنجیدہ ہو کر مذاکرات کریں اور افغانستان میں جاری جنگ کا خاتمہ ہو سکے ۔