لاہور،ملتان(سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر، کامرس رپورٹر92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورمعیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر کام کرنے کا عادی نہیں۔آن گراونڈ جاکر عوام کے مسائل سنتا ہوں اور ان حل کے لئے کوشش کرتا ہوں اورکرتا رہوں گا۔ ملتان سے لاہورواپسی پر کبیر والا شہر کارخ کرتے ہوئے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے شہر میں صفائی کی صورتحال اورسڑکوں کا جائزہ لیااور شہری سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کبیر والا شہر میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے انتظامات میں بہتری متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ،اس ذمہ داری کو ہر صورت نبھاناہوگا۔ وزیراعلیٰ نے شہر کے اندرونی سڑکوں کی تعمیر ومرمت جلد مکمل کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ کبیر والا سمیت ہر شہر کو ترقی کے سفر میں شریک کریں گے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے چیئرمین شکایات سیل سرگودھا ڈویژن حسن انعام پراچہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال او ر ترقیاتی منصوبوں پربات چیت ہوئی۔ حسن انعام پراچہ نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پتوکی کے علاقے حبیب آباد میں بچے کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔