لاہور،اسلام آباد،کراچی،گوجرانوالہ( 92 نیوز رپورٹ ، خبر نگار خصو صی ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں،سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے آزادکشمیر کیانتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے نتائج مسترد کر دیئے ، ن لیگ نے کہا کہ ہمارے ووٹ چوری کئے گئے جبکہ پیپلزپارٹی نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی نے غنڈہ گردی کی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن نتائج کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے نتائج تسلیم کیے اور نہ کروں گی۔ میں نے تو 2018 کے نتائج بھی تسلیم کیے نہ اس جعلی حکومت کو مانا ہے ۔ ورکر اور ووٹرز کو شاباش دی ، اس بے شرم دھاندلی پر کیا لائحہ عمل ہو گا، جماعت جلد فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کارکنوں کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عطا تارڑ کو گرفتارکرنے والے شرم کریں،میں بالکل مایوس نہیں ہوں۔مسلم لیگ ن نے ایک دھاندلی زدہ الیکشن میں بھی بہترین مقابلہ کیا اورشیم پیج کو بہت ٹف ٹائم دیا ہے ۔ کسی بھی منصفانہ الیکشن میں یہ ن لیگ کے سامنے کھڑے بھی نہیں ہو سکتے انشائاللّہ۔خوشی کی بات یہ ہے کہ ن کشمیر میں ایک عوامی طاقت کے طور پر ابھری ہے اور جاگ رہی ہے ۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کارکنان کی گرفتاریوں اور درخواستیں وصول کرنے سے الیکشن کمیشن کے عملے کے انکار کی شدید مذمت کی ، عطا تارڑ سمیت گرفتار تمام کارکنوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا آزاد کشمیر الیکشن میں ہمارے ووٹ چوری کئے گئے ، مختلف پولنگ سٹیشنز پر حکومتی دباؤ پر ہمارے پولنگ ایجنٹس اورپارٹی رہنماؤں کو ہراساں کیاگیا، کئی پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی غیرموجودگی میں بیگز کو کھولا گیا،بیلٹ بکس سے متعلق بھی شکایات ملیں،پرتشدد واقعات اور دھاندلی کی شکایات شفاف، غیرجانبدارانہ اور آزادانہ انتخابات کے تقاضوں کی دھجیاں اڑا ئی گئی ہیں ۔ احسن اقبال نے اپنے بیان میں کہاکہ الیکشن میں تحریک انصاف نے طاقت کا استعمال کیا، الیکشن کے حوالے سے قائم مانیٹرنگ سیل میں انتخابات میں دھاندلی، دھونس اور گڑبڑ کے تمام واقعات کا اندراج کیا گیا اور اسے عوام اور میڈیا کے سامنے لائیں گے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری عطاء تارڑ اور ایم پی اے بلال فاروق تارڑ نے حلقہ ایل اے 35جموں 5کے کشمیر کالونی راہوالی کے پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور کارکنان سے الیکشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور گفتگو کی۔گوجرانوالہ میں رانا ثنا اﷲ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں خرم دستگیر خان کا کہنا تھاپولنگ ایجنٹ کو پولنگ سٹیشن سے باہرنکالنے کی مذمت کرتے ہیں،ووٹرز کو ہراساں کیا جاتا رہا۔ادھر پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا پاکستان میں دھاندلی سے حکومت بنانے والوں نے کشمیر میں بھی دھاندلی کی۔ پی ٹی آئی کے وزیر کشمیرالیکشن میں پولنگ سٹیشنز کے اندر رہے اور ووٹرز کو ہراساں کیا جاتا رہا۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھاپی پی پی امیدواروں پر فائرنگ ہوتی رہی، پولنگ ایجنٹوں کوگرفتار کیاجاتا رہا، پی ٹی آئی کارکنان پولنگ سٹیشنوں پر جگہ جگہ قبضے کرکے ٹھپے لگاتے رہے ، پی ٹی آئی حکومت نے کشمیر کے انتخابات میں غنڈہ گردی کی مثال قائم کردی۔ گوجرانوالہ(92 نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)کار سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں سے جھگڑا کرنے پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ اور ایم پی اے عادل بخش چٹھہ سمیت متعدد کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ عطاتارڑنے گرفتارکارکنوں کونہ چھوڑنے پرپولیس اہلکاروں سے جھگڑاکیاتھا۔ ان کارکنوں کو گوجرانوالہ کے علاقے علی پورچٹھہ سے گرفتار کیا گیا۔ نمائندہ 92نیوز نے بتایاکہ ایک پولنگ اسٹیشن پر ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اوربارہ مسلم لیگی کارکنوں کو حراست میں لے لیا جو تشدد کررہے تھے اس کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ دو ارکان پنجاب اسمبلی کے ساتھ تھانے میں پہنچے اور نہ صرف پولیس سے تلخ کلامی کی بلکہ ایس پی علی گیلانی کی وردی کھینچی اور پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی، جس پر پولیس نے انہیں کار سرکار میں مداخلت میں گرفتارکرلیا،لیگی رہنما عطا تاڑر کے خلاف تھانہ علی پور چٹھہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ،مقدمہ میں عطا تارڑ سمیت 4 افراد نامزد جبکہ 50 نامعلوم شامل ہیں ۔