لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گراس روٹ لیول کرکٹ کی بحالی اور کرکٹ کرپشن پر قابو پانے کے لئے بڑا فیصلہ کرلیا،بورڈ کا کلب کی سطح پر ہی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن قوانین کا پابند بنانے کے لیے پرائیویٹ کلب کرکٹ ٹورنامنٹس کو مانیٹر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی بحالی کے لئے بورڈ نے کلب کی سطح سے ہی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن قوانین کا پابند بنانے کا فیصلہ کرلیا۔کلب کی سطح پر ہونے والے پرائیویٹ ٹورنامنٹ کو بھی اینٹی کرپشن یونٹ مانیٹر کرے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ نے ٹورنامنٹ جائزہ کمیٹی کے قواعد وضوابط میں رد و بدل کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت کسی بھی پرائیویٹ ٹورنامنٹ کی جائزہ کمیٹی میں پی سی بی کے ڈائریکٹر ویجی لینس اینڈ اینٹی کرپشن اور ڈائریکٹر کمرشل کو شامل کیا گیا ہے ۔ پرائیویٹ کلب کرکٹ ٹورنامنٹ آرگنائزرز ایونٹ کے دوران کلبز سے اینٹی کرپشن کوڈ پر عمل کروانے کے پابند ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق پرائیویٹ کلب کرکٹ ٹورنامنٹس کو مانیٹر کرنے کے لئے پی سی بی مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دے گا جبکہ براڈ کاسٹ ہونے والے پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹس کے لئے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سکیورٹی کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔