لاہور (کامرس رپورٹر،آن لائن) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس ہوا،جس میں پرائس کنٹرول میکنزم، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع میں آٹا، چینی، گھی سمیت 18اشیائے ضروریہ کی خصوصی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیاگیا۔صوبائی وزراء نعمان اخترلنگڑیال، سمیع اﷲ چودھری ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مستحکم بناکر مصنوعی مہنگائی روکیں گے اور عام آدمی کو ریلیف دیں گے ۔زبانی جمع خرچ نہیں اب عملی طور پر کام کرنے کا وقت ہے ، انتظامیہ نتائج دے ۔انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول میکانزم اور طے شدہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سوفیصدعملدرآمد یقینی بنایاجائے ۔صوبے بھر میں 20کلو آٹے کا تھیلہ 808روپے میں فروخت ہوگا، انتظامیہ اس قیمت کو یقینی بنائے ۔