فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بڑے ٹیکس دہندگان کے لیے آنر کارڈ سکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔آنر کارڈ وصول کرنے والوں کو ایک سال کے لیے سہولیات و مراعات دی جائیں گی۔ جس کے تحت نمایاں ٹیکس گزاروں کو تمام ہوائی اڈوں پر وی آئی پی لائونجز تک رسائی ملے گی۔ آنر کارڈ رکھنے والوں کو وزیر اعظم کے ساتھ سالانہ ڈنر پر مدعو کیا جائے گا ۔ ایف بی آر مطابق 9بڑے برآمدکنندگان کو ہی آنر کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ ٹاپ ٹیکس پیئرز کے لیے آنر کارڈ سکیم کا اجرا ایف بی آر کا ایک قابل تحسین فیصلہ ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے پاکستانیوں کے لئے گذشتہ ماہ بلیو پاسپورٹ اور پاکستان آنر کارڈ کے اجرا کا اعلان کیا تھا۔ اس میں شبہ نہیں کہ ترقی یافتہ ممالک میںبا قاعدگی سے ٹیکس اداکرنے والوں کو مراعات و سہولیات دی جاتی ہیں اور ان کی توقیر کی جاتی ہے۔ ہمارے ہاں بھی بڑے ٹیکس گزاروں کے لیے ماضی کی بعض حکومتوں نے اس قسم کی سکیمیں شروع کرنے کے اعلانات تو کئے لیکن اس سلسلہ خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متذکرہ آنر کارڈ سکیم پر جلد عمل درآمد کرایا جائے، اس میں تسلسل برقرار رکھنے کے لئے اسے قانونی تحفظ دیا جائے تاکہ آنے والی حکومتیں بھی اس پر عمل دراآمد کرتی رہیں۔ اس سے ناصرف حکومت اورٹیکس دہندگان کے درمیان خیر سگالی بڑھے گی بلکہ ٹیکس گزاروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گا۔