سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے دو شہریوں کے قتل کی منصوبہ بندی کا انکشاف کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر بھارت سے جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارت کی خفیہ ایجنسی را کی مختلف ممالک میں ٹارگٹ کلنگ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی ایجنسی کی عالمی قوانین کے برخلاف کارروائیاں صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں بلکہ کینیڈا میں خالصتان کے حامی سکھ رہنمائوں کے قتل کی منصوبہ بندی عالمی تحقیقاتی اداروں بالخصوص امریکہ کی ایجنسیاں ثابت کر چکی ہیں۔ یہی نہیں خود امریکہ میں بھی بھارتی ایجنسی کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ پاکستان پہلے ہی افغانستان کے ذریعے بھارتی دہشت گردی کے شواہد عالمی اداروں کو فراہم کر چکا ہے مگر بدقسمتی سے عالمی برادری پاکستان کے تحفظات کو مسلسل نظرانداز کرتے رہے ہیں۔ حال ہی میں برطانیہ نشریاتی ادارے نے اپنی تحقیقات میں (را) کے 20 پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ برطانوی ادارے کی تحقیقاتی رپورٹ تین سال کے ریکارڈ کی چھان بین کے مطابق مرتب کی ہے جبکہ بھارتی ایجنسی کی پاکستانیوں قتل کی فہرست اس سے کہیں زیادہ ہے۔ بہتر ہو گا پاکستان (را) کی دہشت گردی کے شکار ممالک بالخصوص امریکہ اور کینیڈا کے ساتھ مل کر بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ آواز اٹھائے تا کہ بھارت کو اقوام عالم بالخصوص اقوام متحدہ کے سامنے جوابدہ ٹھہرایا جا سکے۔