لاہور(سپورٹس رپورٹر ،کرائم رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہوریوں کاسات سال بعدطویل انتظار ختم ہوگیا،لاہور قلندرز دفاعی چیمپین ملتان سلطانزکو 42رنز سے شکست دیکرپہلاپی ایس ایل چیمپئن بن گیا۔ لاہور قلندرز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 20 ویں اوور میں 138 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، خوشدل شاہ 32 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے ،ملتان سلطانزکے 5کھلاڑی ڈبل فگرزمیں داخل نہ ہوسکے ۔تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا۔اننگز کے تیسرے ہی اوور میں آصف آفریدی کو چھکا مارنے کی کوشش میں فخر زمان وکٹ دے بیٹھے جن کا شاہنواز دھانی نے شاندار کیچ لیا۔ اگلے ہی اوور میں ڈیوڈ ولی کی باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں ذیشان اشرف وکٹ کیپر کو کیچ دیکر چلتے بنے ۔آصف آفریدی نے اگلے اوور میں عبداللہ شفیق کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں سٹمپ ہو گئے ۔تین وکٹیں گرنے کے بعد کامران غلام کا ساتھ دینے محمد حفیظ آئے اور چوتھی وکٹ کیلئے 54رنز کی شراکت قائم کی۔کامران غلام نے آصف آفریدی کو چھکا مارنے کی کوشش کی لیکن باؤنڈری پر شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ نے ملکر عمدہ کیچ لیکر کامران کو چلتا کردیا۔ حفیظ نے بڑے میچ میں نصف سنچری سکور کی۔حفیظ اور ہیری بروک نے پانچویں وکٹ کیلئے 58 رنز کی شراکت قائم کی ، حفیظ 46 گیندوں پر ایک چھکے اور 69 رنز بنانے کے بعد دھانی کی وکٹ بنے ۔اختتامی اوورز میں ایک مرتبہ پھر ڈیوڈ ویزے نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ہیری بروک نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔دونوں کھلاڑیوں نے آخری دو اوورز میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 40 رنز بٹورے جس کی بدولت قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180رنز بنائے ۔ہیری بروک نے 22 گیندوں پر 41 رنز جبکہ ڈیوڈ ویزے نے صرف 8 گیندوں پر 28رنز بنائے ۔ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے سلطانز کو 36 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن چوتھی اوور کی آخری گیند پر رضوان کو وکٹ چھوڑ کر سویپ شاٹ کھیلنا مہنگا پڑ گیا اور وہ حفیظ کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔رضوان کے آؤٹ ہوتے ہی سلطانز دباؤ میں آنا شروع ہو گئے ، شان مسعود غیرضروری رن لینے کیلئے دوڑ پڑے اور فخر کی براہ راست تھرو کیساتھ خود اوپنر کی سستی ان کی پویلین واپسی کا سبب بنی۔عامر عظمت صرف چھ رنز بنا سکے جبکہ آصف آفریدی زمان خان کی وکٹ بنے تو سلطانز 50 رنز پر 4 اہم وکٹیں گنوا چکے تھے ۔ باؤنڈری پر عبداللہ شفیق کے شاندار کیچ نے رائلی روسو کا بھی کام تمام کردیا۔63 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد ٹم ڈیوڈ کا ساتھ دینے خوشدل شاہ آئے اور دونوں نے 51 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی۔شاہین شاہ آفریدی نے فخر زمان کی مدد سے ٹم ڈیوڈ کی 27 رنز کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا اور پھر دو گیندوں بعد ڈیوڈ ولی کی بھی شاندار یارکر پر وکٹیں بکھیر دیں۔خوشدل شاہ 32 رنز کیساتھ سلطانز کے سب سے کامیاب بلے باز رہے لیکن حارث نے انہیں چلتا کر کے اپنی ٹیم کی جیت کر مہر ثبت کردی۔ملتان سلطانز کی پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور قلندرز نے میچ میں 42رنز سے فتح کی بدولت پہلی مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں لیں ، زمان خان، حفیظ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔محمد حفیظ کوفائنل میچ کابہترین کھلاڑی قراردیاگیا،قلندرزکے زمان خان ایمرجنگ پلیئرآف دی ٹورنامنٹ،بہترین بلے باز کا ایوارڈ فخر زمان کو دیا گیا،پلیئر آف دی ٹورنامنٹ محمد رضوان کوقراردیاگیا،خوشدل شاہ آل رائونڈر اورفیلڈرآف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا،وکٹ کیپر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ محمد رضوان کے نام رہا،ملتان سلطانزنے سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈاپنے نام کرلیا،بائولر آف دی ٹورنمنٹ کا ایوارڈشاداب خان کو دیا گیا،زمان خان نے 13میچوں میں 18وکٹیں حاصل کیں۔میچ دیکھنے کیلئے صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب چودھری سرور بھی سٹیڈیم میں موجود تھے ۔ آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے دوسری اننگز کاکچھ حصہ دیکھا،مشیرقومی سلامتی معیدیوسف نے بھی فائنل میچ سٹیڈیم میں دیکھا۔پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم کو 8 کروڑ روپے کی انعامی رقم ملی جبکہ رنر اپ ٹیم کو تین کروڑ 20لاکھ روپے دئیے گئے ۔قذافی سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ 7 کی مختصر لیکن پروقاراختتامی تقریب میں لاہور کا آسمان آتشبازی کے رنگوں سے سج گیا۔اختتامی تقریب میں پہلے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ 6 ایڈیشنز کی مختصر تاریخ بتائی گئی، ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی منفرد انداز میں میدان میں لائی گئی ۔قبل ازیں پی ایس ایل 7 کے فائنل کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ،چیف سیکرٹری،آئی جی اور سی سی پی او لاہور نے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیااور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔دریں اثناء صدر، وزیراعظم ، آرمی چیف ، وفاقی وزرا اور دیگر نے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل چیمپئن بننے پر مبارکباد دی۔