اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے بھارت میں نسلی بالادستی کا نظریہ سر اٹھا رہا ہے ، بھارتی دانشور خشونت سنگھ نے جو پیش گوئی کی تھی مودی سرکار آج اسی راہ پر گامزن ہے ۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے بھارتی دانشور خشونت سنگھ کی کتاب دی اینڈآف انڈیا کے اقتباس کا حوالہ دیا اور ٹویٹ کیا کہ بھارت میں ہندو بالادستی کے حوالے سے خشونت سنگھ نے پیشگوئی کی تھی، انہوں نے بھارت میں نسلی بالادستی کا نظریہ زور پکڑتے دیکھ لیا تھا۔ خشونت سنگھ نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ہر فاشسٹ دور کو مختلف گروپس یا دھڑوں کی ضرورت ہوتی ہے ، جو نفرت و خوف کی وجہ سے تحریک پیدا کرتے ہیں۔خشونت سنگھ نے بھارت میں متعصبانہ بالادستی کی پیش گوئی کی تھی جہاں سلام کرنے کے بجائے جے سری رام کے نعرے لگانے والے محفوظ ہیں۔مسلم یا مسیحی نہ ہونے پر خود کومحفوظ سمجھنے والے بھارتی احمقوں کی جنت میں ہیں، نسلی تعصب کی طرف بڑھتے بھارت میں کوئی محفوظ نہیں، کل بھارت میں متعصب طبقہ سکرٹ پہننے والی عورت، گوشت کھانے پر لوگوں کو نشانہ بنائے گا۔ شراب نوشی، غیر ملکی فلموں، مذہبی مقامات کی زیارات پر پابندیاں لگائی جائیں گی، اگر ہم بھارت کو زندہ دیکھنا چاہتے ہیں تو اس بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے ۔حکومتی معاشی ٹیم کے اجلاس سے خطاب میں وزیرِ اعظم نے کہابیرون ملک پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں۔ ترسیلات زر کے فروغ کے لئے جہاں بیرون ملک پاکستانیوں کو مراعات دی جائیں وہاں بنکوں کو بھی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ اس عمل کو منظم طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے ،نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے لئے سرکاری زمینوں کو بروئے کار لانے کے عمل کو تیز کیا جائے ۔اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، معاشی عمل تیز کرنے اور ہنرمندوں اور نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تعمیرات کے شعبے کے فروغ اور ترسیلات زر خصوصاً بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک بھیجی جانی والی رقوم پر مراعاتی پیکیج کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی غورکیاگیا۔ ایگزیکیٹو ڈائریکٹر این آئی ٹی بی سید شباہت علی شاہ نے الیکٹرنک ادائیگیوں کے ضمن میں ای پیمنٹ گیٹ وے کے قیام پر بریفنگ دی۔ چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے تعمیرات کے شعبے کے فروغ کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات خصوصاً بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کے جائز مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے ، تعمیرات کے شعبے کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ وزیرِ اعظم نے ترسیلات زر کے فروغ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مراعات دینے کے حوالے سے پیش کردہ تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین، سیکرٹری خزانہ اور اسٹیٹ بنک کے نمائندگان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیدی جوتجاویز کو حتمی شکل دے کر سفارشات پیش کرے گی۔